چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کا ہاکی پلئیرز کو نوکریاں دینے کا اعلان

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ کی قیادت میں کھلاڑیوں نے قذافی سٹیڈیم میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے 8 برس بعد ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور مصر میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی پر کھلاڑیوں کی کارکردگی کی تعریف کی۔

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملازمت نہ کرنے والے ہاکی پلئیرز کو ملازمتیں دینے جبکہ زخمی ہاکی پلئیرز کا پی سی بی کی وساطت سے علاج کرانے کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا فٹنس و میڈیکل کے حوالے سے ہاکی پلئیرز کو پورا سپورٹ کریں گے، پی سی بی ہاکی پلئیرز سے پہلے کی طرح تعاون کرتا رہے گا،آپ کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی میں ہمارا تعاون ہمیشہ شامل حال رہے گا۔

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ہاکی ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھرپور سپورٹ پر چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوۓ کہا کہ آپ کی سپورٹ نے پلئیرز کی بہت حوصلہ افزائی ہوئی آپ نے مشکل وقت میں کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا۔ قومی ہاکی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد۔ چیف فنانشل آفیسر۔تمام ڈائریکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔