چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ جانبداری دکھا رہے ہیں، عمر ایوب

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ جانبداری دکھا رہے ہیں، وہ پارٹی بنے ہوئے ہیں۔قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں عمر ایوب نے کہا کہ اس ایوان کے ممبران 4 جولائی کو اڈیالہ جیل گئے، جہاں ہمارے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہم عدالتی حکم پر بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ملنے گئے تھے، آئی جی جیل خانہ جات اور آئی جی پنجاب کو یہاں بلایا جائے۔اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ آئی جی جیل خانہ جات اور آئی جی پنجاب سے پوچھا جائے کہ قانون سے کھلواڑ کیوں ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کئی ساتھی بہت دنوں سے لاپتہ ہیں، ہمیں نہیں معلوم انہیں کہاں لے جایا گیا ہے۔عمر ایوب نے یہ بھی کہا کہ ہمارا مخصوص نشستوں کا کیس سپریم کورٹ میں ہے، چیف جسٹس فائز عیسیٰ جانبداری دکھا رہے ہیں، وہ پارٹی بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاو ل بھٹو نے کہا کہ دہشت گردی ہم نے پروان چڑھائی، جو غلط بات ہے،چیئرمین پی پی پی سے پوچھتا ہوں کہ آپ کو سندھ میں کرپشن نظر نہیں آرہی ہے؟اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ہمیشہ پشاور سے بلاول بھٹو کو رلا کر واپس بھیجتا ہے، میں گنڈاپور سے کہوں گا کہ وہ ایسا نہ کیا کرے۔

اپنا تبصرہ لکھیں