لاہور ( محمد بابرسے) پاکستان نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز 8 سے 14 فروری تک لاہور کے نو تزئین شدہ قذافی سٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔قذافی سٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلی گیند پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے ہوگی۔

سنگل لیگ ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ پیر 10 فروری کو اسی مقام پر جنوبی افریقہ سے ہوگا جو صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوگا۔دوسرے میچ کے بعد ایکشن کراچی منتقل ہو جائے گا جہاں میزبان پاکستان ٹیم بدھ 12 فروری کو نیشنل بینک سٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ میچ کھیلے گی۔
ایونٹ کا فائنل جمعہ 14 فروری کو ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جس کی پہلی گیند پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے پھینکی جائے گی محمد رضوان کی نظریں مسلسل چوتھی ون ڈے سیریز کی جیت پر مرکوز ہیں ان کی قیادت میں پاکستان نے گزشتہ سال آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف دو طرفہ ون ڈے سیریز جیتی تھی ۔
محمد رضوان نے سہ ملکی سیریز کے موقع پر کہا کہ ہم اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے اور لاہور اور کراچی کے نئے تعمیر شدہ اسٹیڈیمز میں دوبارہ کھیلنے پر ُپرجوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک تیاریاں اچھی رہی ہیں اور کھلاڑی آئی سی سی ایونٹ سے قبل ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔
جمعرات کی شام ایل سی سی اے گراؤنڈ میں اپنا پہلا ٹریننگ سیشن کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کرنے کی کوشش کرے گی۔کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ ہم نے لاہور میں لائٹس میں اچھا ٹریننگ سیشن کیا اور ہفتے کے روز ہوم سائیڈ کا مقابلہ کرنے کا انتظار نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دوبارہ آنے پر انہیں خوشی ہے۔گزشتہ دورہ ہمارے لیے اچھا رہا تھا۔اس سہ فریقی سیریز سے ہمیں وکٹوں کے بارے میں معلوم ہوسکے گا جو چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے لیے مددگارثابت ہوگا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم کپتان ٹیمبا باووما کی قیادت میں لاہور پہنچنے کے بعد ہفتے کو اپنا پہلا ٹریننگ سیشن کرے گی۔
کپتان ٹیمبا باووما نے کہا کہ یہ ٹیم کے لئے میگا ایونٹ سے قبل وارم اپ کرنے کا بہترین موقع ہے۔ ہمارے پاس ملا جلا سکواڈ ہے اور سہ ملکی ٹورنامنٹ سے ہمیں آئی سی سی ایونٹ کی تیاری سے قبل حالات سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملے گی۔

