بیجنگ (ایجنسیاں) چین میں شادی کرنے والے جوڑوں کیلئے خصوصی انعامات کا اعلان کردیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مشرقی شہر نِنگبو میں 28 اکتوبر سے 31 دسمبر کے دوران اپنی شادی رجسٹر کرانے والے جوڑوں کو خصوصی واؤچرز دیے جائیں گے۔
یہ اقدام نوجوان جوڑوں کو شادی اور بچوں کی پیدائش کی جانب راغب کرنے کی سرکاری مہم کا حصہ ہے، کیونکہ چین میں پچھلے سال شادیوں کی تعداد میں ریکارڈ کمی دیکھی گئی، جس کی بڑی وجہ بچوں کی پرورش اور تعلیم کے بڑھتے اخراجات بتائی جاتی ہے۔
نِنگبو کے سول افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق نئے شادی شدہ جوڑے ایک ہزار یوآن (تقریباً 40 ہزار پاکستانی روپے) مالیت کے واؤچرز حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ واؤچرز شادی کی فوٹوگرافی، تقریبات، ہوٹل رہائش اور شادی سے متعلق دیگر اخراجات پر استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ واؤچرز کی تعداد محدود ہے اور ان کی تقسیم پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ہوگی۔
چین کے دیگر مشرقی شہروں میں بھی ایسے پروگرام متعارف کرائے جا رہے ہیں جن کے تحت سال کے اختتام تک کیش واؤچرز دیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق شادی اور بچے کی پیدائش میں دلچسپی میں کمی چین کے لیے ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے، کیونکہ 1.4 ارب آبادی کے باوجود ملک میں بڑھتی عمر رسیدگی تشویش کا باعث ہے۔
گزشتہ سال حکومت نے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں “محبت کی تعلیم” جیسے پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں کو شادی اور خاندان بڑھانے کے مثبت پہلوؤں سے آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔

