چینگڈو (نمائندہ خصوصی/اے پی پی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی باہمی احترام اور تعاون پر کھڑی ہے اور دونوں ممالک آئندہ سال اپنے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منانے جا رہے ہیں۔
صدر آصف زرداری نے یہ بات چینگڈو میں دوسرے گولڈن پانڈا ایوارڈز انٹرنیشنل کلچر فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے فن اور ثقافت کی طاقت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرحدوں کو عبور کرتے ہوئے انسانوں کو جوڑتی ہیں اور مشترکہ انسانی اقدار کو فروغ دیتی ہیں۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ایوارڈ جیتنے والوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ ایسی تخلیقی کوششیں دنیا کو امن، افہام و تفہیم اور رواداری کی طرف لے کر جاتی ہیں۔ انہوں نے صوبہ سیچوان کی حکومت اور چائنا فیڈریشن آف لٹریری اینڈ آرٹ سرکلز کا شکریہ ادا کیا۔
صدر آصف زرداری نے چین کے ’تہذیب کے تبادلے اور باہمی سیکھنے‘ کے وژن کی مکمل حمایت کرتے ہوئے گلوبل ڈیولپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی)، گلوبل سیکیورٹی انیشیٹو (جی ایس آئی) اور گلوبل گورننس انیشیٹو (جی جی آئی) کو خطے میں پائیدار ترقی اور استحکام کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ گلوبل گورننس انیشیٹو تہذیبوں کے تنوع اور ثقافتی مکالمے کو فروغ دے کر دنیا میں تصادم کی بجائے تعاون کا پیغام دیتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ ثقافتی تبادلوں کے فروغ، تخلیقی صنعتوں کی مضبوطی اور امن کے کلچر کو آگے بڑھانے کے لیے کام کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا ڈرامائی تبدیلیوں سے گزر رہی ہے اور صدر شی جن پنگ نے تصادم کے بجائے تعاون اور باہمی کامیابی کی راہ دکھائی ہے۔
قبل ازیں صدر آصف زرداری سے ممبر پولیٹیکل بیورو اور وزیر پبلسٹی ڈپارٹمنٹ لی شو لی نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ اقتصادی، ثقافتی اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ چینی وزیر نے صدر زرداری کے فروری کے دورۂ چین اور چائنا ڈیلی میں شائع ہونے والے مضمون کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان اور چین ہمیشہ مضبوط بھائی رہیں گے۔

