چینی جوڑا اتنا مشابہ کہ لوگ جڑواں بہن بھائی سمجھنے لگے

ڈونگ گوان، چین (ایجنسیاں)چین کے صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر ڈونگ گوان میں رہنے والا ایک نوجوان جوڑا اپنی غیرمعمولی مشابہت کے باعث انٹرنیٹ پر وائرل ہو گیا ہے۔ لوگ حیرت زدہ ہیں کہ یہ شوہر بیوی ہیں یا کہیں جڑواں بہن بھائی!

لیانگ کائیو اور ہی ژیان شینگ، دونوں 20 سال کے، ایک جڑی بوٹیوں کی دکان چلاتے ہیں۔ ابتدا میں کاروبار مشکل سے چل رہا تھا، لیکن جب انہوں نے ٹک ٹاک کے چینی ورژن دوئن پر پروموشنل ویڈیوز لگائیں، تو ان کی قسمت بدل گئی۔

لیانگ نے بتایا کہ شادی کے بعد محسوس ہوا کہ وہ اپنے شوہر سے بہت زیادہ ملتے جلتے ہیں۔ پچھلے دو سال سے وہ تقریباً 24 گھنٹے ایک ساتھ ہیں، کام کرتے، کھاتے اور آرام کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ ایک جیسے نظر آ رہے ہیں۔

ابتدائی طور پر ہی ژیان شینگ شرمیلے مزاج کے تھے، مگر بیوی کی تجویز پر ویڈیوز میں حصہ لینے لگے۔ حتیٰ کہ بعض ویڈیوز میں انہوں نے خواتین کا لباس پہن کر مشابہت کو نمایاں کیا، جس سے مداحوں کی دلچسپی اور بڑھ گئی۔

سوشل میڈیا صارفین حیران ہیں کہ یہ واقعی شوہر بیوی ہیں یا جڑواں بہن بھائی۔ کچھ نے تبصرے میں ڈی این اے ٹیسٹ کی تجویز بھی دے دی، تو کچھ نے کہا کہ یہ صرف مشابہ نہیں بلکہ بالکل ایک جیسے ہیں، حتیٰ کہ ان کی ڈبل چن کی لکیریں بھی ملتی ہیں۔

اب یہ جوڑا نہ صرف محبت کی مثال بن چکا ہے بلکہ حیرت انگیز مشابہت کے لیے بھی مشہور ہو گیا ہے، اور ان کا کاروباری اکاؤنٹ ہزاروں فالورز کے لیے تفریح کا مرکز بن چکا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں