لاہور پریس کلب میں منعقدتقریب میں صحافیوں، دانشوروں، ماہرین تعلیم اور طلباء و طالبات کی شرکت
لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے نثار عثمانی آڈیٹوریم لاہور پریس کلب میں ڈاکٹر اخترحسین سندھو کی کتاب “کینیڈا:رنگوں کا دیس” کی تقریب رونمائی کا اہتمام کیا جس میں معروف ملکی و غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی۔اس تقریب کی صدارت معروف صحافی و دانشور مجیب الرحمن شامی نے کی جبکہ مہمان خصوصی کینیڈا سے آئے سردار جسبیر سنگھ بوپارائے تھے۔

دیگر مہمانوں میں وائس چانسلر ندیم احمد بھٹی، سابق وائس چانسلر ڈاکٹر فلیحہ زہرہ کاظمی اور شہباز خان شامل تھے۔ کتاب پر تبصرہ کرتے ہوئے پروفیسر کاشف فراز، پروفیسر ناصر بشیر، ایڈووکیٹ ایم نواز شیخ، ندیم نظر، ڈاکٹر اصغر یزدانی، اسامہ اختر ایڈووکیٹ اور قائم مقام صدر لاہور پریس کلب افضال نے ڈاکٹر اختر حسین سندھو کی کتاب اور شخصیت پر گفتگو کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مجیب الرحمن شامی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر اختر حسین سندھو کو کتاب کی اشاعت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اخترحسین سندھو کی کتاب دراصل مسلم سکھ تعلقات کی مضبوطی اور دونوں پنجابوں کو ثقافتی رشتوں کو مزید مستحکم کرنے کا ذریعہ ہے۔
سردار جسبیر سنگھ نے لاہور پریس کلب کے صدر محمد ارشد انصاری اور علی چنگیزی سندھو ایڈووکیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستانی حکومت، محکمہ اوقاف اور حکومت پنجاب کا سکھ یاتریوں کے لئے بہترین انتظامات پر خراج تحسین پیش کیا اور ڈاکٹر اخترحسین سندھو کی کتاب کو سکھ مسلم تعلقات میں اہم سنگ میل قرار دیا۔

