ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ شمائلہ عمران کی تدفین کراچی میں کردی گئی

کراچی(بیورورپورٹ)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ شمائلہ عمران فاروق کی نمازِ جنازہ کراچی کی رحمانیہ مسجد طارق روڈ میں ادا کرنے کے بعد سوسائٹی قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔

نمازِ جنازہ میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، انیس قائم خانی سمیت پارٹی کارکنان، اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ نمازِ جنازہ کے بعد مرحومہ کو سوسائٹی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

شمائلہ عمران فاروق کی میت گزشتہ روز لندن سے استنبول کے راستے کراچی پہنچی تھی۔ وہ 19 دسمبر کو لندن کے ایک مقامی اسپتال میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئی تھیں۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کو 16 ستمبر 2010ء کو لندن میں ان کی رہائش گاہ کے باہر قتل کر دیا گیا تھا۔ بعد ازاں 2020ء میں پاکستان کی ایک عدالت نے اس مقدمے میں ایم کیو ایم کے تین کارکنوں خالد شمیم، محسن علی اور معظم علی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی، جبکہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے اپنی تفتیشی فائل بند کر دی تھی۔

ایک رپورٹ کے مطابق شمائلہ عمران فاروق گزشتہ چند برسوں سے شدید بیماریوں میں مبتلا تھیں، جن میں چوتھے مرحلے کا کینسر بھی شامل تھا۔ ان کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ طویل عرصے تک بولنے سے قاصر رہیں، ایک کان کی سماعت سے محروم ہو گئیں اور نظامِ ہاضمہ بھی شدید متاثر تھا۔

قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ شمائلہ عمران فاروق اور ان کے دو بیٹوں کو ایم کیو ایم لندن ونگ یا اس کے دیگر دھڑوں کی جانب سے کسی قسم کی مالی یا عملی مدد فراہم نہیں کی گئی، جس کے باعث مرحومہ اور ان کے اہلِ خانہ کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔