ڈراما انڈسٹری لڑکیوں کیلئے محفوظ جگہ نہیں: اداکارہ و ڈانسر ریحام رفیق کا انکشاف

کراچی (شو بز ڈیسک/نمائندہ خصوصی)ابھرتی ہوئی اداکارہ و ڈانسر ریحام رفیق نے کہا ہے کہ ڈراما انڈسٹری خواتین کیلئےمحفوظ نہیں اور اس شعبے میں آنے کی خواہش رکھنے والی لڑکیوں کو پہلے سے ذہنی طور پر ممکنہ خطرات کیلئے تیار رہنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق، ریحام رفیق نے حال ہی میں معروف میزبان ملیحہ رحمٰن کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے کیریئر، ذاتی زندگی، اور شوبز انڈسٹری کے ماحول پر کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ انڈسٹری میں اداکاراؤں کے درمیان مقابلے بازی عام ہے لیکن بعض اداکارائیں منفی رویوں کا شکار ہو کر ماحول خراب کرتی ہیں۔

ریحام رفیق کا کہنا تھا کہ وہ کبھی کسی سے اپنا موازنہ نہیں کرتیں، اور نہ ہی کسی سے حسد رکھتی ہیں۔ انسٹاگرام پر اپنی پوسٹس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ بغیر کسی منصوبہ بندی کے ریلز اپلوڈ کرتی ہیں اور تنقید کو زیادہ سنجیدہ نہیں لیتیں۔

شادی سے متعلق سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ ان کی شادی نے ان کے کیریئر پر کوئی اثر نہیں ڈالا۔ انہوں نے اپنے شوہر اور سسرالیوں کو بہت معاون اور خیال رکھنے والا قرار دیا، جو نہ صرف انہیں آزادی دیتے ہیں بلکہ ان کی صحت و آرام کا بھی خیال رکھتے ہیں۔

تاہم اداکارہ نے تسلیم کیا کہ ڈراما انڈسٹری خواتین کیلئے محفوظ مقام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف شوبز بلکہ کوئی بھی پیشہ ورانہ شعبہ خواتین کیلئےمکمل طور پر محفوظ نہیں، اسلئے لڑکیوں کو ذہنی طور پر چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔

ریحام رفیق کے مطابق، نئی آنے والی لڑکیوں کو چاہیے کہ وہ اپنی حفاظت کے طریقے سیکھیں، خود اعتمادی سے کام لیں اور حالات کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر انڈسٹری میں اچھے اور برے دونوں طرح کے لوگ ہوتے ہیں اور انسان کیلئےیہ ضروری ہے کہ وہ کس راستے کا انتخاب کرتا ہے۔

اداکارہ نے آخر میں واضح کیا کہ ان کے ساتھ ذاتی طور پر کبھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا لیکن اپنے مشاہدے کی بنیاد پر وہ ڈراما انڈسٹری کو خواتین کیلئے غیر محفوظ تصور کرتی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں