ڈھاکہ( بنگلہ دیشی میڈیا، مقامی حکام)بنگلہ دیش میں عید الاضحیٰ کے موقع پر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک بھینس، جس کا نام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے منسوب کیا گیا تھا، کو قربانی سے بچا کر قومی چڑیا گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔
تقریباً 700 کلوگرام وزنی اس بھینسے کی بھورے رنگ اور منفرد بالوں کی ساخت کی وجہ سے اسے مزاحاً ڈونلڈ ٹرمپ سے مشابہ قرار دیا جا رہا تھا، جس کے بعد اس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔
عوام کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر حکام نے آخری وقت میں اس جانور کو خرید کر ڈھاکہ کے قومی چڑیا گھر منتقل کر دیا، جہاں اسے خصوصی حصے میں رکھا گیا ہے تاکہ شہری اسے محفوظ ماحول میں دیکھ سکیں۔
بھینسے کے مالک ضیاء الدین مردھا کے مطابق اس کا نام ان کے بھائی نے مذاق میں ’’ڈونلڈ ٹرمپ‘‘ رکھا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ البینو نسل کی بھینسیں خطے میں نسبتاً نایاب ہوتی ہیں اور عموماً پُرسکون مزاج رکھتی ہیں۔
چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق جانور کو خصوصی نگرانی میں رکھا گیا ہے تاکہ اس کی حفاظت اور عوامی نمائش دونوں کو یقینی بنایا جا سکے۔رپورٹس کے مطابق اسی طرح ایک اور بھاری بھرکم بھینسا بھی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جسے مزاحاً “بینجمن نیتن یاہو” کا نام دیا گیا ہے۔

