ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کا دورہ منسوخ کر دیا— امریکی میڈیا

واشنگٹن (نیویارک ٹائمز رپورٹ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی تجارتی کشیدگی کے باعث اپنا مجوزہ دورہ بھارت منسوخ کر دیا۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق صدر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک وقت میں ٹرمپ کو “سچا دوست” قرار دیا تھا، مگر حالیہ اختلافات کے بعد تعلقات میں تناؤ شدت اختیار کرگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے مودی کو بتایا تھا کہ وہ سال کے آخر میں کواڈ سمٹ کے لیے بھارت آئیں گے، لیکن اب وہ اس دورے سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔

مزید کہا گیا کہ ٹرمپ بارہا یہ دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان فوجی تنازع ختم کرایا ہے، بلکہ ایک حالیہ ٹیلی فون کال میں یہ بھی ذکر کیا کہ پاکستان انہیں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے جا رہا ہے، جس پر بھارتی وزیراعظم برہم ہوگئے اور دو ٹوک جواب دیا کہ جنگ بندی براہ راست بھارت اور پاکستان کے درمیان طے پائی تھی، امریکا کا اس میں کوئی کردار نہیں۔

یہ تنازع اُس وقت سامنے آیا جب دونوں ملکوں کے درمیان اہم تجارتی مذاکرات جاری تھے۔ اس دوران امریکا نے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا، جبکہ روسی تیل خریدنے پر مزید 25 فیصد ٹیرف لگا دیا، جس کے نتیجے میں مجموعی ٹیرف 50 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

رپورٹ کے مطابق جون کی فون کال کے بعد سے دونوں رہنماؤں میں کوئی براہِ راست بات چیت نہیں ہوئی، اور مودی اب چین کا دورہ کرکے صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے، جس کے خطے کی سیاست پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں