ڈچ سفارتکار ایران میں اسٹارلنک سیٹلائٹ فونز اسمگل کرتے ہوئے پکڑا گیا: روسی میڈیا

تہران (روسی خبر ایجنسی، ایرانی میڈیا رپورٹس) روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ڈچ سفارتکار ایران میں اسٹارلنک کی کٹس اور سیٹلائٹ فونز اسمگل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ایرانی میڈیا کے حوالے سے جاری ویڈیو میں بتایا گیا کہ مذکورہ سفارتکار نے ایئرپورٹ پر اپنا سوٹ کیس اسکینر سے گزارنے کی اجازت دینے سے انکار کیا جس پر تنازعہ کھڑا ہوگیا۔

حکام نے اس کا سامان ضبط کرلیا، جبکہ سفارتکار مبینہ طور پر سامان لیے بغیر ملک سے روانہ ہوگیا۔رپورٹس کے مطابق بعد ازاں ایک دوسرے مندوب نے سامان حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم تاخیر کے باعث حکام نے سوٹ کیس کھول کر تلاشی لی جس میں مبینہ طور پر اسٹارلنک کٹس اور سیٹلائٹ فونز موجود تھے۔

واضح رہے کہ ٹیکنالوجی کمپنی کے سربراہ ایلون مسک ایران میں انٹرنیٹ کی مفت فراہمی کے لیے اسٹارلنک سروس فراہم کرنے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں، تاہم ایرانی حکام نے گزشتہ برس سے اسٹارلنک کے استعمال، درآمد اور تقسیم پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ ایرانی قوانین کے تحت اسے غیرقانونی قرار دیا گیا ہے اور اس کے استعمال کو ممکنہ مجرمانہ یا جاسوسی سرگرمی تصور کیا جا سکتا ہے، جس پر قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا مؤقف ہے کہ امریکا، اسرائیل اور بعض یورپی ممالک ایران میں پُرتشدد مظاہروں کو ہوا دے رہے ہیں اور اقتصادی مسائل کو افراتفری پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔