ڈچس آف کینٹ انتقال کر گئیں، شاہی خاندان میں سوگ

لندن (رائٹرز)ڈچس آف کینٹ 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں، بکنگھم پیلس نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے شاہی خاندان میں گہرے دکھ اور سوگ کا اظہار کیا۔

جمعے کے روز بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ڈچس آف کینٹ کینسنگٹن پیلس میں چل بسیں۔ شاہی خاندان کے احترام میں بکنگھم پیلس سمیت تمام شاہی رہائش گاہوں پر جھنڈے سرنگوں رہیں گے۔

ویلز کے شہزادہ اور شہزادی نے کہا کہ ڈچس آف کینٹ خاندان کی ایک انتہائی اہم رکن تھیں جنہوں نے دوسروں کی مدد کیلئےانتھک محنت کی۔ڈچس، کیتھرین، شاہی خاندان کی سب سے پرانی رکن تھیں۔ ان کی شادی ڈیوک آف کینٹ پرنس ایڈورڈ سے ہوئی تھی جو مرحوم ملکہ الزبتھ دوم کے فرسٹ کزن تھے۔

برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے بھی ڈچس آف کینٹ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈچس کے ہر کام میں ہمدردی اور وقار شامل تھا۔ ڈچس موسیقی سے بے پناہ محبت کرتی تھیں اور ہل پرائمری اسکول میں موسیقی کی تعلیم دیتی رہیں جہاں کے طلبہ کو ان کی شاہی شناخت کے بارے میں علم تک نہ تھا۔

ڈچس آف کینٹ کی آخری رسومات کی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے تاہم امکان ہے کہ یہ اُن کے عقیدے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیتھولک روایت کے مطابق ادا کی جائیں گی۔ڈچس آف کینٹ کے انتقال پر شاہی خاندان اور برطانیہ بھر میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ عوام اور سیاسی رہنماؤں نے انہیں ان کی شرافت اور خدمات کے باعث خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں