ڈھاکا(ایجنسیاں)بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن اور سابق وزیرِاعظم بیگم خالدہ ضیاء کی صحت مزید بگڑ گئی ہے اور وہ اس وقت انتہائی نازک حالت میں ہیں۔
ایور کیئر اسپتال کے کریٹیکل کیئر یونٹ (سی سی یو) میں زیرِ علاج خالدہ ضیاء کی نگرانی کرنے والے میڈیکل بورڈ کے مطابق انہیں لائف سپورٹ پر رکھا گیا ہے اور باقاعدہ ڈائلیسز دیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جب بھی ڈائلیسز روکا جاتا ہے تو ان کی حالت مزید خراب ہو جاتی ہے۔ عمر زیادہ ہونے اور متعدد بیماریوں کے باعث ایک ساتھ مکمل علاج ممکن نہیں رہا۔
میڈیکل بورڈ کے ارکان کے مطابق خالدہ ضیاء شدید علیل ہیں اور ان کی حالت میں کبھی معمولی بہتری اور کبھی بگاڑ دیکھا جا رہا ہے۔ مزید طبی ٹیسٹ تجویز کیے گئے ہیں جن کی رپورٹس کے بعد آئندہ علاج سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔
80 سالہ خالدہ ضیاء ایک ماہ سے زائد عرصے سے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ وہ گٹھیا، ذیابیطس، گردوں، جگر، پھیپھڑوں، دل اور آنکھوں سمیت متعدد بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ طبیعت بگڑنے پر 27 نومبر کو انہیں سی سی یو منتقل کیا گیا تھا، جہاں مقامی اور غیر ملکی ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ ان کے علاج کی نگرانی کر رہا ہے۔

