ڈھاکہ:بنگلہ دیش نے پاکستان کو پہلے ٹی 20 میں بآسانی شکست دے دی

ڈھاکہ(اسپورٹس ڈیسک) — شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محض 110 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ فخر زمان نے سب سے زیادہ 44 رنز اسکور کیے، جب کہ خوشدل شاہ اور عباس آفریدی نے بالترتیب 17 اور 22 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی کوشش کی۔ پاکستان کی نصف ٹیم صرف 46 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکی تھی۔

ٹیم کے دیگر بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے، جن میں صائم ایوب (6)، محمد حارث (4)، کپتان سلمان آغا (3)، حسن نواز (0)، اور محمد نواز (3) شامل تھے۔ ڈیبیو کرنے والے سلمان مرزا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مستفیظ الرحمان نے 2، جب کہ مہدی حسن اور تنظیم حسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

111 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف 16ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ پرویز حسین نے 56 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جبکہ توحید ہردوئی 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے اپنے پہلے ہی میچ میں 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عباس آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں فخر زمان، صائم ایوب، محمد حارث، سلمان آغا (کپتان)، حسن نواز، محمد نواز، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، ابرار احمد، سلمان مرزا، عباس آفریدی شامل تھے.

بنگلہ دیش کی پلیئنگ الیون کی طرف سے لٹن داس (کپتان)، تنزید حسن، پرویز حسین، توحید ہردوئی، ذاکر علی، شمیم حسین، مہدی حسن، تسکین احمد، مستفیظ الرحمان، رشاد حسین، تنظیم حسن ٹیم کاحصہ تھے.

واضح رہے کہ اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 سے پچھڑنا پڑا ہے، جب کہ دوسرا میچ دونوں ٹیموں کیلئےنہایت اہمیت کا حامل ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں