ڈھاکہ/اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں) بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے پاکستان کے ساتھ باہمی ویزا استثنیٰ معاہدے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت دونوں ممالک کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے حکام کو ویزے کے بغیر ایک دوسرے کے ملک کا سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔
“معاہدے کی تفصیلات”
یہ پہلا موقع ہے کہ بنگلہ دیش نے پاکستانی حکام کیلئےویزے کی شرط ختم کردی ہے۔ معاہدے کے تحت پاکستان اور بنگلہ دیش کے سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو آئندہ 5 سال تک دونوں ممالک کے درمیان سفر کیلئےویزے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
“بنگلہ دیشی حکام کا بیان”
بنگلہ دیش کے پریس سیکریٹری شفیق الاسلام نے بتایا کہ اب پاکستانی حکام ویزے کے بغیر بنگلہ دیش کا سفر کرسکیں گے اور یہی سہولت بنگلہ دیشی حکام کو پاکستان آمد کیلئےحاصل ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ آئندہ پانچ برسوں تک نافذ العمل رہے گا۔
“تعلقات میں بہتری کی امید”
شفیق الاسلام نے مزید کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی امید پیدا کرتا ہے اور سرکاری سطح پر رابطوں کو مزید فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان حالیہ برسوں میں مختلف سطحوں پر سفارتی رابطے جاری ہیں اور ویزا استثنیٰ معاہدے کو تعلقات میں مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

