لاہور (نمائندہ خصوصی)لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کرائم رپورٹر ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی صاحب کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں صحافیوں کو دھمکانے یا ان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کا کوئی حق نہیں۔
ارشد انصاری نے کہا کہ “آپ صحافیوں کے خلاف غلط پروپیگنڈا کرتے ہیں، حالانکہ آپ صحافیوں کے ہی ڈی آئی جی ہیں۔ صحافی کسی بھی کامیاب آپریشن کے بعد سب سے پہلے آپ کو شاباش پیش کرتے ہیں اور آپ کو ہیرو کے طور پر پیش کرتے ہیں لیکن افسوس کہ آپ انہی صحافیوں کے خلاف محاذ کھول لیتے ہیں۔”
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا صحافی پاکستان کا چوتھا ستون نہیں ہیں؟ “اگر آپ سمجھتے ہیں کہ وہ چوتھا ستون نہیں ہیں تو بھی وضاحت دیں اور اگر ہیں تو پھر ایسی حرکتیں نہ کریں، صحافیوں کو عزت دیں۔”
ارشد انصاری نے مطالبہ کیا کہ ڈی آئی جی اپنے بیانات پر وضاحت دیں اور صحافیوں کو نشانہ بنانے کی بجائے ان کے ساتھ مل کر مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔اجلاس میں موجود کرائم رپورٹرز نے بھی صدر لاہور پریس کلب کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے خلاف کسی بھی قسم کی دھمکی یا پروپیگنڈا ناقابلِ قبول ہے اور اس پر فوری وضاحت دی جانی چاہیے۔

