ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائی – چار دہشتگرد ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان(آئی ایس پی آر) پاک فوج نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درازندہ میں ایک اہم انسدادِ دہشتگردی آپریشن کے دوران چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں بہرام، مولانا بودان اور فاتح شامل ہیں، جب کہ ایک دہشتگرد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ مذکورہ دہشتگرد مختلف دہشتگردی کی وارداتوں، فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔

کارروائی کے بعد علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر کے سرچ آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز اس عزم کا اعادہ کرتی ہیں کہ ملک دشمن عناصر کو کسی بھی صورت میں امن و امان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ آپریشن ایسے وقت میں عمل میں آیا ہے جب بھارت کیساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ’’فتنۃ الہندوستان‘‘ کی پراکسی تنظیمیں پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کو ہوا دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔ بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر حالیہ حملے میں 8 قیمتی جانوں کا ضیاع، جن میں 7 طالبات شامل تھیں، اس سازش کی افسوسناک مثال ہے۔

پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے ملک کے چپے چپے میں قیامِ امن، عوام کے تحفظ، اور دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئےپرعزم اور متحرک ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں