لندن (نمائندہ خصوصی) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان غزہ بورڈ آف پیس میں اس امید کے ساتھ شامل ہوا ہے کہ غزہ میں امن قائم ہوگا۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت ملی تھی، جس پر وفاقی کابینہ نے شمولیت کا اختیار دیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ امید ہے فلسطینیوں کو عزت اور وقار کے ساتھ ان کے حقوق ملیں گے اور غزہ کی تعمیرِ نو ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں پاک بھارت جنگ بندی میں کردار ادا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا، جنگ رکنے سے جنوبی ایشیا کے لاکھوں افراد کی زندگیاں بچ گئیں، جبکہ ٹرمپ نے پاکستان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈیووس کا دورہ بہت اچھا رہا اور وہاں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے منیجنگ ڈائریکٹر سے بھی ملاقات ہوئی۔ واضح رہے کہ وزیرِ اعظم ڈیووس سے گزشتہ شام لندن پہنچے تھے، جہاں انہوں نے پاکستان ہائی کمیشن کا دورہ کیا اور بزنس کمیونٹی اور ڈیجیٹل کرنسی کے ماہرین سے ملاقات کی۔ کرپٹو کونسل پاکستان کے سی ای او بلال بن ثاقب اور سابق ایم پی اے ڈاکٹر اشرف چوہان بھی موجود تھے۔

