کراچی (شوبز ڈیسک/نمائندہ خصوصی) معروف اداکارہ اور ٹی وی میزبان دعا ملک نے انکشاف کیا ہے کہ اپنے کیریئر کے دوران انہیں کاسٹنگ کاؤچ کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس واقعے میں ملوث شخصیت پاکستان کی ایک معروف ہستی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دعا ملک نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری اور اپنی ذاتی زندگی سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو شوبز انڈسٹری سے دور رکھنا چاہتی ہیں اور اسی وجہ سے انہیں امریکا لے گئیں تاکہ وہ اس انڈسٹری کا حصہ نہ بن سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ انہوں نے اپنی بیٹی کو کبھی پیانو بجانا نہیں سکھایا لیکن اس نے خود ہی یہ صلاحیت حاصل کرلی، جس سے انہیں اندازہ ہوا کہ اگر بچوں میں کوئی شوق یا صلاحیت موجود ہو تو وہ خود ہی اسے سیکھ لیتے ہیں۔
کاسٹنگ کاؤچ پر گفتگو کرتے ہوئے دعا ملک نے کہا کہ ابتدا میں وہ سمجھتی تھیں کہ ان کے ساتھ ایسا کبھی نہیں ہوا، کیونکہ وہ اور ان کی بہن حمائمہ دونوں مضبوط مزاج ہیں اور کسی کے غلط ارادوں کو برداشت نہیں کرتیں۔ تاہم، انہوں نے اعتراف کیا کہ اپنے کیریئر میں ایک بار انہیں ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں ان کے پیشہ ورانہ سفر کو شدید نقصان پہنچا۔
دعا ملک نے مزید کہا کہ وہ اس واقعے کی مزید تفصیلات کبھی بھی عوامی سطح پر نہیں بتا سکتیں کیونکہ جس شخصیت نے یہ حرکت کی تھی وہ پاکستان کی ایک مشہور ہستی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ اس وقت امریکا میں مقیم ہیں لیکن ان کے اہلخانہ پاکستان میں رہتے ہیں اور وہ نہیں چاہتیں کہ ان کی وجہ سے ان کے خاندان کو کوئی نقصان پہنچے۔

