کراچی: صوبائی وزیر سعید غنی کے بھائی فرحان غنی کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

کراچی(بیورورپورٹ)صوبائی وزیر سعید غنی کے بھائی اور چنیسر ٹاؤن کے چیئرمین فرحان غنی کیخلاف دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق مقدمہ فیروز آباد تھانے میں درج کیا گیا، جس میں انسداد دہشت گردی، اقدامِ قتل اور دیگر دفعات شامل ہیں۔ فرحان غنی پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک سرکاری ادارے کے اہلکار حافظ سہیل پر تشدد کیا۔

ایف آئی آر کے مطابق، 22 اگست کو مدعی شارع فیصل سروس روڈ پر فائبر کیبل بچھانے کے کام کی نگرانی کر رہا تھا کہ اچانک 3 گاڑیوں میں 20 سے 25 افراد پہنچے جن میں فرحان غنی، قمر احمد، شکیل اور دیگر شامل تھے۔

مدعی کے بیان کے مطابق ملزمان نے دریافت کیا کہ کس کی اجازت سے زمین کھودی جا رہی ہے، جس پر انہیں بتایا گیا کہ کام سرکاری اجازت ناموں کے تحت کیا جا رہا ہے۔ تاہم، ملزمان نے مبینہ طور پر تشدد کیا اور جان سے مارنے کی نیت سے اسلحہ بھی دکھایا۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ مدعی کو قریبی پیٹرول پمپ کے کمرے میں لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بعدازاں پولیس موبائل کے پہنچنے پر ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق فرحان غنی اس وقت پولیس کی حراست میں موجود ہیں اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں