کراچی (نمائندگان) کراچی کے علاقے سولجر بازار میں مبینہ گیس دھماکے کے باعث رہائشی عمارت منہدم ہونے سے کم از کم 16 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔ریسکیو 1122 سندھ کے ترجمان حسن خان کے مطابق جاں بحق افراد میں 4 بچے، 7 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 5 بچے، 3 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے دوران ملبے تلے دبے 13 زخمیوں اور 16 لاشیں برآمد کی گئیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔واقعے کے بعد شہری تلاش و بچاؤ ٹیمیں، فائر بریگیڈ اور ڈیزاسٹر ریسپانس گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی حکومت کے بیان کے مطابق انہوں نے شہریوں سے گیس کے استعمال میں احتیاط برتنے اور کسی بھی مشتبہ لیکیج کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دینے کی اپیل بھی کی۔
کراچی میں ناقص تعمیرات، پرانے انفراسٹرکچر اور گیس کے غیر محفوظ استعمال کے باعث عمارتوں کے منہدم ہونے اور آگ لگنے کے واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں، جس سے عمارتوں کی حفاظت اور نگرانی کے نظام پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔

