کراچی : مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے رہنما کی گاڑی کی ٹکر سے زخمی شہری چل بسا

کراچی : یونیورسٹی روڈ پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے زخمی اطہر علی چل بسا، گاڑی ن لیگ یوتھ ونگ کے جنرل سیکریٹری کے نام رجسٹرڈ ہے تاہم مقدمہ درج ہونے کے باوجود پولیس ملزم کوگرفتار نہ کرپائی۔ کراچی میں ایک اور بڑی گاڑی والے نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا، 30 سالہ اطہر علی 5 روز زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔

ورثاء کا الزام ہے کہ ن لیگ کے مقامی رہنما ریحان مصطفی غلط سمت پر انتہائی تیزرفتاری سے سفید ریوو کو بھگا رہے تھے، جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔گاڑی ن لیگ یوتھ ونگ کے جنرل سیکریٹری کے نام رجسٹرڈ ہے، پولیس کا دعوی ہے کہ حادثے کے ذمہ داروں کی گرفتاری کیلئے مسلسل چھاپے مارے جارہے ہیں۔

عینی شاہد کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد گاڑی سے 2 خواتین نکل کربھاگیں، ملزم کا والد ن لیگی عہدیدار اور چچا ریٹائر ڈی ایس پی ہے۔یاد رہے گذشتہ ہفتے ٹریفک حادثہ میں غلط سمت سے تیز رفتاری آنے والی سفید ریوو نے ایک شخص کو بائیک سمیت کچل ڈالا تھا، حادثے کے شکار کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کے ملازم کو سر پر چوٹیں آئیں تھیں، جس کے بعد وہ کومہ میں چلا گیا تھا۔

حادثے کے موقع پر موجود پنکچر شاپ اور دیگر کے مطابق گاڑی میں 2 لڑکیاں بھی سوار تھیں، جو حادثے کے بعد پیدل فرار ہوئیں، دونوں خواتین بہ ظاہر نشے میں لگ رہی تھیں، جن سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

بعد ازاں پولیس نے مقدمہ اندراج کے بعد جب ملزم ریحان مصطفیٰ کے گھر پر چھاپا مارا تو پتا چلا وہ گھرسندھ پولیس کے ریٹائرڈ ڈی ایس پی کا ہے، جب کہ اس گھر میں ملزم اپنے ڈاکٹر والد اور فیملی کے ساتھ رہتا ہے تاہم ملزم ریحان واقعے کے بعد سے مفرور ہے۔

والد کے مطابق ان کا بیٹا اپنے ڈی ایس پی چچا کے ساتھ حیدرآباد گیا ہوا ہے، جب کہ پولیس نے چیک کیا تو ملزم کی آخری لوکیشن ڈرگ روڈ کینٹ کے قریب موصول ہوئی، ملزم کے والد نے یہ بھی بتایا تھا کہ ان کو حادثے کے متعلق دو روز سے علم تھا اور حادثے کے وقت ان کا داماد بھی گاڑی میں موجود تھا۔

متاثرہ فیملی کے مطابق ملزم ریحان مصطفیٰ کا تعلق پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے، جس میں وہ یوتھ ونگ میں جنرل سیکریٹری کے طور پر کام کرتا ہے اور گھر سے متصل دفتر بھی بنا رکھا ہے تاہم پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے مزید کوششیں کی جا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں