کراچی (نامہ نگار)کراچی میں چند گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات میں تین افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ناتھا خان گوٹھ میں ایک گھر کے اندر فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ اسی طرح ناظم آباد نمبر ایک میں بھی گھر میں فائرنگ سے ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
ریسکیو حکام کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے زکریا چوک کے قریب فائرنگ کے ایک اور واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اختر کالونی گلی نمبر 7 اور پورٹ قاسم کے قریب فائرنگ کے واقعات میں دو افراد زخمی ہوئے، جبکہ گلشن معمار گیٹ نمبر 2 کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ایف بی ایریا بلاک ون میں ایک گھر کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہوئیں، جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
علاوہ ازیں کلفٹن بلاک سیون میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے بھی ایک شخص زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق تمام واقعات کی الگ الگ تحقیقات جاری ہیں، جبکہ جاں بحق اور زخمی افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

