لاہور (سپورٹس ڈیسک) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے آغاز سے قبل کراچی کنگز نے اپنی نئی کِٹ متعارف کروا دی ہے۔ نیلے اور سرخ رنگوں پر مشتمل یہ جاذبِ نظر لباس ایک جانب ٹیم کی تاریخ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے، تو دوسری جانب جدید انداز اور اعتماد کے ساتھ ایک نیا روپ بھی پیش کرتا ہے۔ اس منفرد کِٹ کو ”دی پیس کلب” نے ڈیزائن کیا ہے، جو فیشن اور سپورٹس ویئر ڈیزائن میں ایک منفرد سوچ کا حامل ہے۔کراچی کنگز کو ملی نئی کِٹ کراچی کنگز کی روایت اور شناخت کی عکاس ہے۔

نیلا رنگ اس کِٹ کا بنیادی رنگ ہے جو ٹیم کے وقار اور مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے، جب کہ اس پر نمایاں سرخ پٹیاں توانائی کا احساس دلاتی ہیں۔ شرٹ کے ڈیزائن میں سادگی اور نفاست کے ساتھ ایک کلاسک انداز جھلکتا ہے۔اس کِٹ کی تخلیق کے پیچھے ”دی پیس کلب” کا تخلیقی وژن کارفرما ہے۔ ڈیزائنرز نے ایک ایسا لباس تیار کیا ہے جو نہ صرف دیکھنے میں دلکش ہے بلکہ میدان میں بہترین کارکردگی کے لیے بھی موزوں ہے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کا آغاز 11 اپریل سے ہو رہا ہے، جبکہ کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 12 اپریل کو اپنے ہوم گراؤنڈ نیشنل بینک سٹیڈیم، کراچی میں ملتان سلطانز کے خلاف کھیلیں گے۔

