کراچی: کورنگی مہران ٹاؤن میں کھلے گٹر میں گر کرجاں بحق 8 سالہ بچے کی تدفین کردی گئی

کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں کھلے گٹر میں گر کر 8 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق بچے کی شناخت دلبر کے نام سے ہوئی جو گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ گٹر میں گر گیا۔

پولیس حکام کے مطابق گلی میں موجود دیگر بچوں نے واقعے کی اطلاع اہل خانہ کو دی، جس کے بعد بچے کے چچا نے خود گٹر میں اتر کر لاش باہر نکالی۔ جاں بحق بچے کے والد اظہر علی نے بتایا کہ گٹر کا ڈھکن ایک ماہ سے غائب تھا جس کے باعث یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

لواحقین کے مطابق دلبر والدین کا اکلوتا بیٹا تھا اور علاقے میں متعدد گٹروں پر ڈھکن موجود نہیں ہیں۔ اہل خانہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر گٹروں پر ڈھکن لگائے جائیں تاکہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

واقعے کے بعد ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے متاثرہ خاندان کے گھر جا کر تعزیت کی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔دوسری جانب جاں بحق کمسن دلبر کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی، اکلوتے بچے کی موت پر اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔