کراچی( نمائندگان)ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں دم گھٹنے سے 3 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے، جن میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ متعدد افراد کے عمارت میں پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔
چیف فائر آفیسر کے مطابق آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا گیا ہے، پلازہ کے گراؤنڈ فلور کی تمام دکانیں اور گودام آگ کی لپیٹ میں ہیں جبکہ آگ تیسری منزل تک پھیل چکی ہے، پلازہ میں بیسمنٹ مارکیٹ بھی موجود ہے۔ شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کرلیے گئے ہیں اور اسنارکل کی مدد سے پھنسے افراد کو نکالا جا رہا ہے۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کا عمل جاری ہے۔ ترجمان واٹر بورڈ نے بتایا کہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی درخواست پر نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور واٹر ٹینکرز موقع پر روانہ کر دیے گئے ہیں۔
وزیرداخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے واقعے پر فوری ریسکیو اقدامات، متبادل ٹریفک روٹس کی فراہمی، آگ لگنے کی وجوہات کی تفتیش اور عمارت کو محفوظ بنانے کی ہدایت کی ہے۔

