کراچی (بیورورپورٹ) ایف آئی اے نے کراچی کے علاقے صدر میں ہوٹلز پر چھاپے مار کر 33 خواتین کی بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی اور خاتون سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے پاسپورٹ آفس صدر کے قریب دو ہوٹلوں پر چھاپہ مار کر خواتین کو حراست میں لیا۔
گرفتار ملزمان میں انسانی اسمگلرز اور ایجنٹس بھی شامل تھے، جن کے قبضے سے 29 پاسپورٹس اور دیگر متعلقہ سامان برآمد ہوا۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ خواتین کو وزٹ ویزا کے بہانے متحدہ عرب امارات بھیجا جانا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق خواتین کو جسم فروشی اور جنسی استحصال کیلئےاستعمال کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ ملزمان کے خلاف تین الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں، جو قانون برائے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام 2018 کے تحت درج کیے گئے ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔

