کرک/لکی مروت(ایجنسیاں)خیبرپختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے گُرگُری میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ ضلع پولیس کے ترجمان شوکت خان نے واقعے اور جانی نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام شہید ہونے والے اہلکار کانسٹیبل تھے۔
ترجمان کے مطابق شہید اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل شاہد اقبال، سمیع اللہ، عارف، صفدر اور محمد ابرار کے نام سے ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد جائے وقوع پر ضلع پولیس افسر سمیت پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ اگرچہ حملے کی نوعیت تاحال واضح نہیں ہو سکی، تاہم پولیس کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں پولیس موبائل کا جلا ہوا ملبہ دیکھا جا سکتا ہے۔
دریں اثنا وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیس فورس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کیا ہے اور قوم ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے حکومتی عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر صورت امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گا۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ صوبے میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے حالیہ حملوں کی ایک اور کڑی ہے، جس سے قبل لکی مروت اور ہنگو میں بھی پولیس پر حملوں کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔

