کنیرڈ کالج کا بے حد منتظر سپورٹس فیسٹ ایک رنگا رنگ افتتاحی تقریب اور دلچسپ باسکٹ بال میچز کے ساتھ شروع ہوگیا۔ کنیرڈ باسکٹ بال کورٹ میں منعقدہ اس تقریب کا مقصد طلبہ و اساتذہ میں کھیلوں کا جذبہ، شرکت اور صحت مند مقابلے کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔ تقریب کا آغاز مختلف شعبہ جات کی ٹیموں کی پرجوش پریڈ سے ہوا، جس کے بعد سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر عمّارہ رباب نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ارم انجم نے اپنے خطاب میں کھیلوں کی کردار سازی اور اتحاد کے فروغ میں اہمیت پر روشنی ڈالی۔

مشعل برداری کی تقریب نے جوش و خروش میں مزید اضافہ کیا جبکہ ناظرین نے پہلے باسکٹ بال میچ میں میڈیا سٹڈیز ٹیم کی فوڈ سائنسز پر 12 پوائنٹس سے کامیابی پر زبردست داد دی۔ یہ چار روزہ فیسٹیول مختلف کھیلوں کے مقابلوں پر مشتمل ہوگا جس کا مقصد طلبہ میں سرگرم شرکت اور ٹیم ورک کو فروغ دینا ہے۔ سپورٹس فیسٹ میں پانچ روز تک مختلف کھیلوں کے مقابلے ہونگے.اختتام پر فاتح ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔


