کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد

کوئٹہ(بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی جانب سے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

تحریری فیصلے میں الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے اور پولنگ 28 دسمبر کو ہی ہوگی۔ فیصلے کے مطابق بلوچستان حکومت آئین کے تحت الیکشن کمیشن اور تمام متعلقہ اداروں کی مکمل معاونت کرے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں، جبکہ ووٹرز، امیدواروں، عوام اور پولنگ عملے کی سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ مزید کہا گیا کہ کوئٹہ ڈسٹرکٹ میں بلا تعطل اور پُرامن پولنگ کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔

رکن الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد نے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے نوٹ لکھا کہ سخت سردی کے باعث ووٹر ٹرن آؤٹ کم ہوگا اور لوگ موسم کی شدت کے باعث دیگر اضلاع میں چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بھی بلدیاتی انتخابات کے لیے سازگار نہیں، اس لیے کوئٹہ کے انتخابات موسم اور حالات بہتر ہونے تک ملتوی کیے جائیں۔