کوالالمپور :امریکا اور فلپائن نے مشترکہ فوجی ٹاسک فورس تشکیل دے دی

کوالالمپور (رائٹرز) امریکا اور فلپائن نے فوجی تعاون کے فروغ اور جنوبی بحیرہ چین میں تیاریوں کو بڑھانے کے لیے مشترکہ فوجی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔پینٹاگون کے مطابق، یہ اعلان امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور فلپائن کے وزیر دفاع گیلبرٹو ٹیودورو کی ملاقات کے بعد کیا گیا، جو ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ہونے والے آسیان وزرائے دفاع کے اجلاس کے موقع پر منعقد ہوئی۔

پینٹاگون ترجمان شان پارنیل کے بیان میں کہا گیا کہ نئی ٹاسک فورس-فلپائنز کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور خاص طور پر جنوبی بحیرہ چین جیسے حساس علاقوں میں فوجی تیاریوں کو مضبوط بنانا ہے۔

بیان کے مطابق، پیٹ ہیگسیتھ نے اجلاس کے دوران اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات میں واشنگٹن کے اتحادیوں کے خلاف چین کے اقدامات پر تشویش ظاہر کی۔ ان کا اشارہ بظاہر جنوبی بحیرہ چین میں فلپائن کے ساتھ بار بار ہونے والی جھڑپوں اور آسٹریلیا کے ساتھ نگرانی کی پروازوں پر بڑھتی کشیدگی کی طرف تھا۔

امریکی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ امریکا کو تائیوان کے اردگرد چین کی بڑھتی سرگرمیوں پر بھی گہری تشویش ہے۔پینٹاگون کے بیان کے مطابق، دونوں وزرائے دفاع نے اپنی چوتھی دوطرفہ ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خطے میں دفاعی توازن دوبارہ قائم کریں گے۔

مزید بتایا گیا کہ امریکا اور فلپائن کے درمیان پہلے سے موجود باہمی دفاعی معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے اپنی دفاعی شراکت داری کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور آئندہ دو سالوں کے دوران بڑے ترجیحی منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں