کورین بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کے مداحوں کے فلسطینیوں کی امداد کیلئے اقدامات

جنوبی کوریا کے عالمی شہرت یافتہ بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کے دنیا بھر میں موجود مداحوں کی جانب سے فلسطینیوں کے حق میں آواز اُٹھائی جارہی ہے اور ان کی امداد کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بی ٹی ایس کے مداحوں کی طرف سے غزہ میں فلسطینی خاندانوں کی مدد کے لیے بڑے پیمانے پر کوششوں کا آغاز اس وقت شروع ہوا جب ایک فلسطینی صحافی احمد ابراہیم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں اُنہیں بی ٹی ایس بینڈ کے ممبرز کی غزہ کے منہدم مکانوں کے ملبے سے ملنے والی تصاویر دکھاتے ہوئے دیکھا گیا۔

اس ویڈیو سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ جہاں سے بی ٹی ایس بینڈ کے ممبرز کی تصاویر ملیں وہاں مبینہ طور پر اس بینڈ کا کوئی فلسطینی مداح شہید ہوا ہوگا۔

یہ ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد بی ٹی ایس بینڈ کے دنیا بھر میں موجود مداحوں نے فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے مظاہرے کیے اور بی ٹی ایس بینڈ کے ریکارڈ لیبل ’ہائب کارپوریشن‘ سے مطالبہ کیا کہ وہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی ان تمام شخصیات کا بائیکاٹ کرے جو اسرائیل کی حمایت کر رہی ہیں۔

بی ٹی ایس بینڈ کے مداحوں نے ریکارڈ لیبل’ہائب کارپوریشن‘ کو ایک خط بھی لکھا جس میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ ’دنیا کے سب سے زیادہ بااثر مداح ہونے کی حیثیت سے ہم فلسطینی عوام پر ہونے والے اس نظامِ جبر کو برداشت نہیں کر سکتے، ہم نے بی ٹی ایس بینڈ کے ممبرز سے بھی مشکل وقت میں معاشرے میں انصاف کے لیے آواز اُٹھانے کی اہمیت کے بارے میں سیکھا ہے‘۔

اسرائیل کی حمایتی شوبز شخصیات کے بائیکاٹ کی زبردست مہم چلانے کے علاوہ اس بینڈ کے مداح فلسطینیوں کی امداد کے لیے فنڈز بھی اکٹھے کر رہے ہیں اور ابھی تک تقریباً 100,000ڈالرز اکٹھا کر چکے ہیں ۔

یاد رہے کہ کورین بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کے تمام ممبرز اس وقت اپنی ملٹری سروس پوری کر رہے ہیں اس لیے غزہ میں جاری جنگ کے حوالے سے ان کا کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا لیکن اس بینڈ کے مداح مسلسل فلسطینیوں کے حق میں آواز اُٹھاتے نظر آ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں