کولمبو(سپورٹس ڈیسک)ٹی 20 ورلڈکپ 2026ء کے 27 ویں میچ میں بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کیلئےکوالیفائی کر لیا۔
کولمبو کے آر پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 176 رنز کا ہدف دیا، لیکن گرین شرٹس 18 اوورز میں 114 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا سمیت ابتدائی تین کھلاڑی صرف 13 رنز پر پویلین لوٹ گئے، جبکہ بابر اعظم 34 کے مجموعی اسکور پر صرف 5 رنز بنا کر واپس گئے۔
گرین شرٹس کی جانب سے عثمان خان 44، شاہین شاہ آفریدی 23 رنز ناٹ آؤٹ، شاداب خان 14 اور فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، ابرار احمد اور عثمان طارق صفر، صفر، جبکہ صائم ایوب 6 اور سلمان علی آغا و محمد نواز 4، 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی طرف سے ہاردک پانڈیا، جسپریت بمراہ، ورون چکرورتی اور اکشر پٹیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تلک ورما اور کلدیپ یادو نے ایک، ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔
بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹ پر 175 رنز بنائے، جس میں ایشان کشن نے 77 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ دیگر نمایاں بیٹرز سوریا کمار 32، شوم دوبے 27 اور تلک ورما 25 رنز کے ساتھ رہے۔ ابھیشیک شرما، ہاردک پانڈیا اور اکشر پٹیل صفر پر آؤٹ ہوئے، جبکہ رنکو سنگھ 11 رنز ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی طرف سے صائم ایوب کامیاب ترین بولر رہے، انہوں نے چار اوورز میں 25 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان طارق نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
میچ کے دوران آئی سی سی چیف جے شاہ، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، سابق بھارتی کپتان روہت شرما اور سری لنکن بورڈ کے حکام اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ٹاس کے موقع پر دونوں کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا۔ پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
“پاکستان کی پلیئنگ الیون”
سلمان علی آغا، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد، عثمان طارق۔
“بھارتی ٹیم کی پلیئنگ الیون”
کپتان سوریا کمار یادیو، ابھیشیک شرما، ایشان کشن، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شوم ڈوبے، رنکو سنگھ، اکشر پٹیل، کلدیپ یادیو، ورون چکرورتی، جسپریت بمراہ۔

