کولکتہ: میسی ٹور کے منتظم کی ضمانت مسترد، 14 روزہ پولیس ریمانڈ منظور

کولکتہ (غیر ملکی میڈیا)ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے تین روزہ ’’گوٹ ٹور آف انڈیا‘‘ کے گرفتار مرکزی منتظم ستادرو دتہ کی ضمانت مسترد کر دی گئی۔ عدالت نے کولکتہ کے سالٹ اسٹیڈیم میں ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں ملزم کو 14 روزہ پولیس ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز لیونل میسی کولکتہ کے سالٹ اسٹیڈیم میں اپنے 70 فٹ بلند مجسمے کی نقاب کشائی اور شائقین سے ملاقات کے لیے پہنچے تھے، تاہم تقریب اُس وقت بدنظمی کا شکار ہوگئی جب 100 سے زائد وی آئی پیز نے فٹبال اسٹار کو گھیر لیا۔

رپورٹس کے مطابق وزرا، خصوصی شخصیات اور سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی کے باعث ہزاروں روپے خرچ کر کے آنے والے سیکڑوں شائقین میسی کی ایک جھلک دیکھنے سے محروم رہے، جس پر مداح مشتعل ہوگئے۔

مشتعل شائقین نے اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ شروع کردی، جس کے باعث تقریب تقریباً 20 منٹ کے اندر ہی ختم کر دی گئی اور لیونل میسی کو فوری طور پر اسٹیڈیم سے نکال لیا گیا۔ اس موقع پر منتظم ستادرو دتہ کو کھلاڑی کے ساتھ چارٹرڈ جہاز پر روانگی سے قبل گرفتار کر لیا گیا تھا۔

بعد ازاں عدالت میں پیشی کے دوران منتظم کی جانب سے ضمانت کی درخواست دائر کی گئی، تاہم عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے 14 روزہ پولیس ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔