کومل رانی نے خاموشی توڑ دی، سنیتا آہوجا کے بیان پر ردعمل

ممبئی (بھارتی میڈیا) بالی ووڈ اداکار گووندا، ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا اور مبینہ گرل فرینڈ کومل رانی سوارنکر کے درمیان جاری تنازع میں مزید شدت آگئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق کئی روز سے خبروں میں رہنے والے معاملے پر کومل رانی نے بالآخر خاموشی توڑتے ہوئے سنیتا آہوجا کے بیان پر ردعمل دیا ہے۔

سنیتا آہوجا کی جانب سے گزشتہ روز اپنے ’ٹوٹتے گھر‘ کو بچانے کی عوامی اپیل کے بعد کومل رانی سوارنکر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنا ردعمل ظاہر کیا۔کومل رانی نے اپنے بیان میں کسی کا نام نہیں لیا، تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق ان کا اشارہ سنیتا آہوجا کی جانب تھا۔

رپورٹ کے مطابق کومل رانی نے سنیتا آہوجا پر اپنے شوہر کو ذہنی طور پر ہراساں کرنے، کام سے روکنے اور عوامی ہمدردی حاصل کرنے کے الزامات عائد کیے۔کومل رانی نے کہا کہ جو عورت اپنے شوہر کو جان سے مارنے کی کوشش کرے، ایسی عورتوں کی بددعائیں نہیں لگتیں،ٹوٹے ہوئے گھر کو کوئی بھی نہیں توڑ سکتا۔

انہوں نے تنازع میں مبینہ طور پر بلاوجہ اپنا نام استعمال کیے جانے پر بھی اعتراض کیا اور سخت ردعمل ظاہر کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق آج کل گووندا اور کومل رانی سوارنکر کے مبینہ تعلقات کی افواہیں گردش کر رہی ہیں، جبکہ گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا بھی دونوں کے حوالے سے مختلف مواقع پر طنزیہ تبصرے کرتی رہی ہیں۔