پالیکیلے (سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ نے کپتان ہیری بروک کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔گروپ 2 کے اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 7 رنز بنا کر جوفرا آرچر کا شکار بنے جبکہ کپتان سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر لیام ڈاسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔بابر اعظم نے 25 اور صاحبزادہ فرحان نے نصف سنچری اسکور کی، تاہم 122 کے مجموعے پر فرحان آؤٹ ہوگئے۔ فخر زمان نے 24 رنز کی تیز اننگز کھیلی۔ آخر میں شاداب خان نے 23 رنز بنا کر اسکور 164 تک پہنچایا۔
انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن نے 3 جبکہ جوفرا آرچر اور جیمی اوورٹن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ابتدائی تین وکٹیں 35 رنز پر گر گئیں، جنہیں شاہین آفریدی نے پویلین لوٹایا۔ تاہم کپتان ہیری بروک نے 51 گیندوں پر 100 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
انگلینڈ نے آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا۔ ول جیکس نے 28 رنز کی معاون اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 جبکہ محمد نواز اور عثمان طارق نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہیری بروک کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا، جبکہ انگلینڈ نے سری لنکا کو 51 رنز سے شکست دی تھی۔ پوائنٹس ٹیبل پر انگلینڈ کے 2 پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ ہے جبکہ پاکستان ایک پوائنٹ کے ساتھ موجود ہے۔

