کیلگری میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ، 23سالہ خاتون ہلاک

کیلگری(نامہ نگار)کیلگری کے جنوب مغربی علاقے میں ایک کونڈو عمارت کی پارکنگ میں فائرنگ کے واقعے میں 23 سالہ نوجوان خاتون جاں بحق ہو گئی۔ پولیس نے واقعے کو ٹارگٹڈ شوٹنگ قرار دیا ہے تحقیقات جاری ہیں اور عوام سے معلومات کی اپیل کی گئی ہے۔

ہفتہ کی شام کیلگری کے جنوب مغربی علاقے میں ایک افسوسناک فائرنگ کے واقعے میں 23سالہ خاتون جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔عینی شاہدین کے مطابق، شام تقریباً 4:30 بجے ہنگامی سروسز کو اطلاع ملی کہ 8710 ہارٹن روڈ SW پر واقع ایک کونڈومینیم کی پارکنگ گیراج میں فائرنگ کی گئی ہے۔

اطلاع ملتے ہی کیلگری پولیس اور ایمرجنسی ریسپانس ٹیم موقع پر پہنچ گئی، جہاں ایک خاتون کو گولیوں کے متعدد زخموں کے ساتھ پایا گیا۔ ریسکیو عملے نے فوری طبی امداد فراہم کی مگر وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ مقتولہ کی عمر تقریباً 23سال تھی۔

کیلگری پولیس نے ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پر اس واقعے کو “ٹارگٹڈ شوٹنگ” یعنی کسی خاص ہدف کو نشانہ بنانے کا واقعہ قرار دیا ہے۔ تاہم تاحال کسی بھی مشتبہ شخص کی شناخت یا گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

واقعے کی مکمل تفتیش کیلگری پولیس سروس کے ہومی سائیڈ یونٹ کے سپرد کر دی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ مقتولہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منگل کے روز متوقع ہے جس سے مزید معلومات سامنے آئیں گی۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی نے اس واقعے کو ہوتے دیکھا ہو، یا اس دوران علاقے میں موجود کسی گاڑی کی ڈیش کیم فوٹیج دستیاب ہو تو وہ فوری طور پر کیلگری پولیس سے 1234-266-403 پر رابطہ کرے۔

اس کے علاوہ، معلومات رکھنے والے افراد کرائم اسٹاپرز پر گمنام طور پر بھی اطلاع دے سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں