کیلگری (اسپیشل رپورٹر) — کیلگری میں سالانہ پرائڈ پریڈ 2025 کے موقع پر شہر کی مرکزی سڑکیں رنگوں کے سمندر میں بدل گئیں، جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کر کے کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کیا۔
پریڈ اتوار 31 اگست کو صبح 11 بجے اسٹوڈیو بیل (9ویں ایونیو SE) سے شروع ہوئی اور 5ویں اسٹریٹ SW تک جاری رہی۔ اس موقع پر صبح 6 بجے سے دوپہر 3 بجے تک سڑکیں ٹریفک کیلئے بند رہیں جبکہ کیلگری ٹرانزٹ نے بسوں کے روٹس تبدیل کیے اور ریڈ لائن کو ہیریٹیج سے وکٹوریا پارک اسٹیشن تک بند رکھا۔

گلوبل نیوز کے مطابق، شرکاء نے کہا کہ یہ دن صرف خوشی کا نہیں بلکہ ایک دوسرے کیلئےحوصلہ افزائی کا دن ہے۔ ایک شریک نے کہا، “یہ جشن مجھے 365 دن تبدیلی اور امید دیتا ہے۔” ایک اور نے کہا، “یہ پریڈ نفرت کے خلاف محبت کا اعلان ہے۔”
سٹی نیوز کیلگری کے مطابق، یہ کیلگری پرائڈ پریڈ کا 35واں سال تھا۔ پریڈ کے بعد پرنسز آئی لینڈ پارک میں جشن کا سلسلہ جاری رہا جس میں فوڈ ٹرکس، بیئر گارڈن، ڈریگ آرٹسٹس، ڈی جے اور لائیو بینڈز کی پرفارمنس شامل تھیں۔سی ٹی وی نیوز نے رپورٹ کیا کہ سخت گرمی کے باوجود شرکاء نے بھرپور طریقے سے پریڈ میں حصہ لیا اور رنگا رنگ مناظر پیش کیے۔

