کیلگری:عبوری پولیس چیف کیٹی میکلیلن عہدے پر برقرار، بجٹ میں اضافے کا اعلان

کیلگری (نمائندہ خصوصی)کیلگری کی عبوری پولیس چیف کیٹی میکلیلن نے اعلان کیا ہے کہ وہ کچھ عرصے کیلئے اپنی ذمہ داریوں پر قائم رہیں گی اور شہر کی پولیسنگ کیلئے اگلے چار سالہ بجٹ میں اضافے کی سفارش کریں گی۔

چیف میکلیلن نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ ہمیشہ پولیس آفیسر بننا چاہتی تھیں۔ انہوں نے متاثرین کی معاونت یونٹ اور 911 سینٹر میں کام کے بعد 1987 میں کیلگری پولیس سروس میں شمولیت اختیار کی۔ 2013 میں انہوں نے ریٹائرمنٹ کے بعد کچھ عرصہ کارپوریٹ سیکیورٹی میں کام کیا لیکن دوبارہ پولیس میں بطور ڈپٹی چیف شامل ہو گئیں۔

مئی میں چیف مارک نیوفیلڈ کے استعفیٰ کے بعد میکلیلن عبوری طور پر چیف کے عہدے پر آئیں۔ انہوں نے کہا، “اب بھی سب کچھ خواب جیسا لگتا ہے، میں اپنا خواب جی رہی ہوں۔”

“پولیسنگ کے چیلنجز اور ترجیحات”
میکلیلن نے کہا کہ پولیس کا کام وقت کے ساتھ پیچیدہ ہو گیا ہے۔ فرنٹ لائن کی ذمہ داریاں، ٹریفک سیفٹی، نوجوانوں کو جرائم سے بچانا اور مختلف تحقیقاتی یونٹس کی معاونت شامل ہے۔ انہوں نے کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور نوجوانوں پر توجہ کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا۔

انہوں نے تشویش ظاہر کی کہ حالیہ مہینوں میں نوجوان جرم میں زیادہ ملوث ہو رہے ہیں۔ کچھ واقعات میں کم عمر افراد نے پولیس اور شہریوں پر حملے کیے۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر حادثات اور اموات بھی بڑھ رہی ہیں، جن میں پیدل چلنے والے اور موٹر سائیکلسٹ شامل ہیں۔

“پولیس بجٹ میں اضافہ”
کیلگری پولیس کے موجودہ بجٹ 2023–2026 کیلئے 600 ملین ڈالر ہے۔میکلیلن نے کہا کہ اگلے چار سالہ بجٹ (2027–2030) میں مزید وسائل طلب کیے جائیں گے تاکہ بھرتی بڑھائی جا سکے اور افسران کو بہتر سپورٹ فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ صرف پولیس آفیسر بھرتی کا معاملہ نہیں بلکہ پیچیدہ کیسز کیلئے وقت اور وسائل بھی درکار ہیں۔

کیلگری پولیس کمیشن کی چیئر امتول صدیقی نے کہا کہ اگلے 12 ماہ میں بھرتی بڑھانے اور افسران کی تربیت و دوبارہ تعیناتی کیلئےسپورٹ سسٹم کو بہتر بنایا جائیگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں