کیلیفورنیا (رائٹرز + ویب ڈیسک)ریاست کیلیفورنیا کے وسطی علاقوں میں واقع لاس پاڈریس نیشنل فاریسٹ میں لگنے والی شدید جنگلاتی آگ نے کم از کم 3 افراد کو زخمی کر دیا ہے، جبکہ 800 سے زائد عمارتوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
“گیفرڈ فائر” کے نام سے پہچانی جانے والی یہ آگ اب تک 129 مربع میل کے رقبے کو جلا چکی ہے، اور اس پر صرف 7 فیصد قابو پایا جا سکا ہے۔ امریکی فاریسٹ سروس کے مطابق، آگ سینٹا باربرا اور سان لوئس اوبیسپو کاؤنٹیز کے ساحلی علاقوں میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔
“ریاستی روٹ 166 کے قریب 4 مختلف مقامات سے آگ بھڑکی”
حکام کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز ریاستی شاہراہ 166 کے قریب چار مختلف مقامات پر چھوٹی چھوٹی آگیں بھڑکیں، جنہوں نے مل کر ایک بڑی آگ کی صورت اختیار کر لی۔ ان واقعات کی وجوہات اب تک زیرِ تفتیش ہیں۔اس وقت 1900 سے زائد فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں دو نئے بیس کیمپس قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ فائر پرائمیٹر تک فوری رسائی ممکن ہو۔
“872 عمارتیں خطرے کی زد میں، سینٹا ماریا کی سڑک بند”
آگ کے باعث 872 رہائشی و تجارتی عمارتوں کو خطرہ لاحق ہے، جبکہ سانتا ماریا کے مشرق میں ہائی وے کو دونوں سمتوں سے بند کر دیا گیا ہے۔ یہ علاقہ مشہور اسٹرابیری کے کھیتوں اور شراب کی صنعت کیلئےجانا جاتا ہے۔سینٹا ماریا شہر کی آبادی تقریباً 1 لاکھ 10 ہزار ہے اور یہ مقام لاس اینجلس سے 150 میل شمال مغرب اور سینٹا باربرا سے 65 میل شمال مغرب میں واقع ہے۔
“شدید دھواں، موسمیاتی ادارے کی وارننگ”
نیشنل ویدر سروس نے خبردار کیا ہے کہ آگ سے پیدا ہونے والا شدید دھواں جنوب اور مشرق کی طرف پھیل رہا ہے، جو صحت کیلئےخطرناک ہو سکتا ہے۔حکام نے بتایا کہ آگ کے مغربی، شمالی اور مشرقی اطراف پر قابو پانے میں خاصی پیش رفت ہوئی ہے جبکہ جنوبی حصے میں املاک کے تحفظ کیلئےاہم اقدامات کیے گئے ہیں۔
“ہیلی کاپٹروں اور ڈرون کی مدد سے کارروائی”
منگل کے روز مزید ہیلی کاپٹروں کے ذریعے پانی کی بڑی مقدار گرائی گئی، جبکہ ڈرون کے ذریعے علاقے کی نگرانی کی جا رہی ہے۔حکام نے بتایا کہ بدھ سے ہفتے کے آخر تک درجہ حرارت 90 سے 100 ڈگری فارن ہائیٹ تک بڑھنے کی پیش گوئی ہے، جس سے آگ کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

