کینبرا (سپورٹس ڈیسک)بگ بیش ٹی 20 لیگ میں پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کی نمائندگی کرنے والی میلبرن اسٹارز نے شاداب خان کی سڈنی تھنڈرز کو 9 وکٹ سے شکست دے دی۔ کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں شاندار بولنگ پر حارث رؤف کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
میچ میں سڈنی تھنڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز کی آخری گیند پر 128 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ شاداب خان 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، میتھیو جائکز نے 24 جبکہ سیم بلنگز نے 23 رنز اسکور کیے۔
میلبرن اسٹارز کی جانب سے حارث رؤف نے 29 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مچل ویپسن، پیٹر سڈل اور مارکوس اسٹوئنس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں میلبرن اسٹارز نے مطلوبہ ہدف 14 اوورز میں حاصل کرلیا۔ جو کلارک نے 60 رنز بنائے، گلین میکس ویل نے 20 گیندوں پر 39 رنز اسکور کیے جبکہ سیم ہارپر 29 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

