برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن نے اوٹاوا میں برطانیہ کے وزیراعظم سے ملاقات کی؛ سنگ میل معاہدے کی توثیق
برامپٹن ، لندن(نمائندہ خصوصی،نامہ نگار) – سٹی آف برامپٹن نے زینوبے (Zenobē) کے ساتھ ایک تاریخی 4 ارب ڈالر کی شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ زینوبے ایک عالمی فلیٹ الیکٹریفیکیشن اور بیٹری اسٹوریج کی ماہر کمپنی ہے جس کا صدر دفتر لندن میں واقع ہے۔ اس شراکت داری کے تحت برامپٹن ٹرانزٹ کے بس بیڑے کو مکمل طور پر برقی بنایا جائیگا جو کہ کینیڈا میں سب سے بڑی زیرو ایمیشن ٹرانزٹ مہم ہوگی۔
یہ تاریخی اعلان اوٹاوا میں اس وقت کیا گیا جب برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن اور زینوبے کی قیادت نے برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر سے ملاقات کی تاکہ کینیڈا اور برطانیہ کے درمیان اس انقلابی اشتراک کی توثیق کی جا سکے، جو بین الاقوامی تعاون، غیر ملکی سرمایہ کاری اور پبلک-پرائیویٹ جدت کی ایک اعلیٰ مثال ہے۔
یہ معاہدہ 10 سالہ برقی کاری کے منصوبے کے پہلے مرحلے کا آغاز کرے گا جس کے تحت بالآخر برامپٹن کے تمام ڈیزل بسوں کو بیٹری سے چلنے والی برقی بسوں (BEBs) سے تبدیل کیا جائے گا۔ اس منصوبے سے سالانہ 4 کروڑ سے زائد مسافروں کو فائدہ پہنچے گا۔ تکمیل کے بعد، توقع ہے کہ یہ پروگرام سٹی کی کارپوریٹ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج (GHG emissions) کا تقریباً 70 فیصد ختم کر دے گا۔
ماحولیاتی فوائد کے ساتھ ساتھ، اس شراکت داری کے ذریعے کینیڈا اور برطانیہ میں براہ راست اور بالواسطہ طور پر 5,000 ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے اور کینیڈا میں 1 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
اعلان کینیڈا انفراسٹرکچر بینک (CIB) کی اس سرمایہ کاری پر استوار ہے، جس کے تحت 2027 تک برامپٹن ٹرانزٹ کیلئے 450 زیرو ایمیشن بسوں (ZEBs) کی خریداری کیلئے 400 ملین ڈالر تک کی معاونت فراہم کی گئی ہے۔ CIB کی یہ مالی معاونت خاص طور پر بیٹری سے چلنے والی برقی بسوں کے ابتدائی اخراجات میں مدد دیتی ہے تاکہ شہر کے بس بیڑے کی برقی کاری کو تیز کیا جا سکے۔
میئر پیٹرک براؤن، سٹی آف برامپٹن:
“یہ تاریخی سرمایہ کاری برامپٹن اور پورے کینیڈا کیلئے ایک اہم موڑ ہے۔ مکمل برقی بس بیڑے میں منتقلی نہ صرف اخراجات میں کمی لائے گی بلکہ روزگار کے مواقع، صاف فضاء اور شہریوں کیلئےایک صحت مند مستقبل بھی فراہم کریگی۔ برامپٹن کو شمالی امریکا کے سب سے بڑے زیرو ایمیشن ٹرانزٹ منصوبے کی قیادت پر فخر ہے، اور ہم اپنے برطانوی و کینیڈین شراکت داروں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس جرات مندانہ وژن کو حقیقت بنایا۔”
آنریبل منیندر سدھو، وزیر بین الاقوامی تجارت و رکن پارلیمنٹ، برامپٹن ایسٹ:
“برطانیہ ہمارے قدیم ترین اور قریبی تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور میں بہت خوش ہوں کہ برامپٹن اور زینوبے کے درمیان سرمایہ کاری شراکت داری سے ہمارا تعلق مزید مضبوط ہوگا۔ کینیڈا کی تجارتی تنوع کی کوششوں کے تحت یہ برطانوی سرمایہ کاری ہماری معیشت کیلئےخوش آئند ہے اور ہزاروں ملازمتیں پیدا کرے گی۔”
آنریبل فوزیہ یونس، برطانیہ کی قونصل جنرل برائے اونٹاریو:
“زینوبے اور سٹی آف برامپٹن کے درمیان یہ تاریخی شراکت داری دکھاتی ہے کہ کس طرح برطانیہ اور کینیڈا کے مابین اشتراک سے عالمی چیلنجز کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ یہ برطانیہ کی صاف ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر میں قیادت کو اجاگر کرتی ہے، جب کہ دونوں ممالک میں مہارت، نوکریاں اور اختراع کو فروغ دیتی ہے۔”
اسٹیون میئرز مین، شریک بانی و ڈائریکٹر، زینوبے:
“ہم مقامی و وفاقی سطح پر عوامی شراکت داروں کے ساتھ برقی فلیٹ میں منتقلی کے عمل کو تیز کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ہمارا میچ فنڈنگ ماڈل اور 120 سے زائد الیکٹرک ڈیپوز کی فراہمی کا تجربہ لاگت میں کمی اور خطرات کو کم کرتا ہے۔ ہمیں کینیڈا میں اپنی موجودگی کو برامپٹن کے ساتھ بڑھانے پر خوشی ہے۔”
ہیڈی ڈیمسٹر، جنرل مینیجر، برامپٹن ٹرانزٹ:
“شمالی امریکا کے سب سے بڑے زیرو ایمیشن بس پروگراموں میں سے ایک کے ساتھ، برامپٹن جدید، پائیدار ٹرانزٹ میں نئی مثال قائم کر رہا ہے۔ یہ شراکت داری نہ صرف ماحولیاتی اثرات کم کرے گی بلکہ مقامی اقتصادی ترقی اور ملازمتوں کے مواقع پیدا کرے گی۔ ہمیں زینوبے اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک صاف، صحت مند اور مضبوط مستقبل کی تعمیر پر فخر ہے۔”

