کینیڈا بھر میں شدید سردی کی لہر، درجۂ حرارت منفی 55 تک ہونے کا امکان

اوٹاوا / ٹورنٹو / ونی پیگ / مونٹریال / شارلٹ ٹاؤن (سی بی سی، انوائرمنٹ اینڈ کلائمیٹ چینج کینیڈا)کینیڈا کے مغربی صوبہ البرٹا سے لے کر مشرقی اٹلانٹک صوبوں تک اس ہفتے کے اختتام پر شدید سردی کی لہر نے ملک کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ انوائرمنٹ اینڈ کلائمیٹ چینج کینیڈا کے مطابق ونڈ چِل کے باعث بعض علاقوں میں درجۂ حرارت منفی 55 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کیا جا سکتا ہے۔ شدید سردی ایسے وقت میں پڑ رہی ہے جب امریکا میں ایک طاقتور اور ممکنہ طور پر تباہ کن سرمائی طوفان برف، برفانی بارش اور انتہائی کم درجۂ حرارت کے ساتھ پیش قدمی کر رہا ہے۔

سوائے جنوب مغربی برٹش کولمبیا کے، جہاں بعض علاقوں میں موسم نسبتاً معتدل ہے اور وینکوور کے اطراف میں چیری کے پھول قبل از وقت کھل رہے ہیں، باقی ملک شدید سردی کی زد میں ہے۔ پرنس ایڈورڈ آئی لینڈ سے لے کر مشرقی البرٹا تک سرد موسم کے انتباہات جاری کر دیے گئے ہیں اور حکام کے مطابق صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔

انوائرمنٹ کینیڈا کا کہنا ہے کہ پریریز کے بعض حصوں میں آرکٹک ہواؤں کے باعث ونڈ چِل کے ساتھ درجۂ حرارت منفی 55 ڈگری تک محسوس ہو سکتا ہے۔ ماہر موسمیات ٹروڈی کِڈ کے مطابق اس شدید سردی کی وجہ پولر ورٹیکس ہے، جو عام طور پر آرکٹک کے اوپر موجود ٹھنڈی ہوا کا گھومتا ہوا نظام ہوتا ہے، تاہم کمزور ہونے کی صورت میں یہ ٹھنڈی ہوا جنوب کی جانب پھیل جاتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سردی زیادہ تر علاقوں میں پورے ہفتے کے اختتام تک برقرار رہے گی، جبکہ جنوبی اونٹاریو میں اتوار کو برفانی طوفان کے باعث 20 سے 30 سینٹی میٹر تک برف پڑنے کا امکان ہے۔

“پریریز”
مشرقی البرٹا میں ونڈ چِل منفی 40 سے منفی 45 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ سسکیچیوان، مانیٹوبا اور شمال مغربی اونٹاریو کے بعض حصوں میں منفی 45 سے منفی 50 ڈگری تک کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے وقت معمولی بہتری کے باوجود راتوں کو درجۂ حرارت دوبارہ منفی 40 سے نیچے چلا جائے گا۔ مانیٹوبا میں مسلسل دوسرے دن اسکولوں اور بس سروسز کی بندش کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ ونی پیگ میں فائر بریگیڈ کو منجمد آلات اور فوری طور پر جم جانے والے پانی کے مسائل کا سامنا ہے، جبکہ ونٹر اسپورٹس سرگرمیاں بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

“مشرقی کینیڈا”
شمال مغربی اونٹاریو کے علاقوں فورٹ سیورن، اگنیس اور فورٹ فرانسس میں نارنجی سطح کی وارننگ جاری ہے جہاں رات کے وقت درجۂ حرارت منفی 48 ڈگری تک محسوس ہو سکتا ہے۔ تھنڈر بے کے مشرقی علاقوں اور جنوبی کیوبیک میں پیلی سطح کی وارننگ کے باوجود درجۂ حرارت منفی 40 ڈگری تک محسوس ہونے کا امکان ہے۔ تھنڈر بے میں موبائل وارمنگ سینٹر ’کیئر بس‘ شہریوں کو گرم جگہ اور بنیادی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

جنوبی اونٹاریو میں شدید سردی کے ساتھ برفانی طوفان کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے اور گریٹر ٹورنٹو ایریا میں ونڈ چِل کے ساتھ درجۂ حرارت منفی 35 ڈگری تک محسوس ہو سکتا ہے۔ شمالی کیوبیک میں ونڈ چِل منفی 45 سے منفی 50 ڈگری کے درمیان رہے گا، جبکہ مونٹریال، لوئر لارینٹینز اور دیگر علاقوں میں اتوار سے پیر تک 10 سے 20 سینٹی میٹر برف پڑنے کا امکان ہے۔

“اٹلانٹک کینیڈا”
پرنس ایڈورڈ آئی لینڈ اور نیوبرنسوک میں پیلی سطح کی وارننگ جاری ہے، جہاں ونڈ چِل کے باعث درجۂ حرارت منفی 30 سے منفی 35 ڈگری تک محسوس ہو سکتا ہے۔ شمال مشرقی نیوبرنسوک میں جمعہ کی شام مختصر مگر شدید برفباری کے باعث حدِ نگاہ میں نمایاں کمی کا خدشہ ہے۔

“طبی اور حفاظتی انتباہ”
محکمہ موسمیات کے مطابق اس قدر کم درجۂ حرارت میں چند منٹوں کے اندر فروسٹ بائٹ اور ہائپوتھرمیا کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ سانس لینے میں دشواری، سینے میں درد، پٹھوں میں کمزوری، انگلیوں اور پیروں میں سن پن یا رنگت کی تبدیلی جیسی علامات پر فوری طور پر گرم جگہ منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بچوں، بزرگوں، دائمی امراض میں مبتلا افراد، کھلے ماحول میں کام کرنے والوں اور بے گھر افراد کو سب سے زیادہ خطرہ لاحق ہے۔

“بجلی بند ہونے کی صورت میں احتیاط”
حکام نے ممکنہ بجلی کی بندش کے پیش نظر 72 گھنٹوں کیلئےایمرجنسی کٹ تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے، جس میں پانی، خراب نہ ہونے والی خوراک، ٹارچ، اضافی بیٹریاں اور ابتدائی طبی امداد کا سامان شامل ہو۔

“گاڑی چلانے والوں کیلئےہدایات”
ماہرین نے گاڑیوں میں اضافی کمبل، جمپر کیبلز اور ایمرجنسی سامان رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ آٹو مکینکس کے مطابق بلاک ہیٹر انجن کو گرم رکھنے میں مدد دیتا ہے، جبکہ الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں میں شدید سردی کے باعث بیٹری کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے اور ڈرائیونگ رینج کم ہو جاتی ہے۔

“موسمیاتی تبدیلی اور شدید سردی”
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث مجموعی طور پر دنیا گرم ہو رہی ہے، تاہم ایسے مختصر اور علاقائی سرد موسمی واقعات اب بھی سامنے آ سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق مستقبل میں شدید سردی کے ریکارڈ کم ہوں گے، مگر ان کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔