کینیڈا بھر میں یومِ کینیڈا 2025 کی شب شاندار آتشبازی کی تقریبات

ٹورنٹو/اٹاوا/مونٹریال/ہیلی فیکس (نمائندہ خصوصی)یومِ کینیڈا 2025 کے موقع پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں یکم جولائی کی شب شاندار آتشبازی کے مظاہرے کیے گئے جنہوں نے شہریوں، سیاحوں اور خاندانوں کو دلکش نظاروں سے محظوظ کیا۔ قومی دن کی یہ تقریبات نہ صرف حب الوطنی کے جذبے کی مظہر تھیں بلکہ ملک بھر میں ایک جوش و خروش کا ماحول بھی پیدا کرتی رہیں۔

ٹورنٹو میں آتشبازی کی سب سے بڑی تقریب ایش برجیز بے پارک اور ہاربرفرنٹ سینٹر میں ہوئی، جہاں ہزاروں شہریوں نے جھیل اونٹاریو کے کنارے بیٹھ کر رنگا رنگ روشنیوں کا نظارہ کیا۔ تقریب کا آغاز رات 10 بجے ہوا اور تقریباً 15 منٹ تک جاری رہا۔

اٹاوا میں یومِ کینیڈا کی مرکزی تقریب پارلیمنٹ ہِل اور لیبرٹن فلیٹس پارک میں منعقد ہوئی، جہاں لائیو میوزک، ثقافتی پروگراموں اور آتشبازی نے دارالحکومت کے آسمان کو روشن کر دیا۔ پارلیمنٹ ہل کے سامنے لاکھوں افراد نے قومی ترانے کے ساتھ آسمان میں ابھرتی چمکدار روشنیوں کا خیرمقدم کیا۔

مسی ساگا کے ڈاؤن ٹاؤن اسکوائر ون سیلیبرشن کے مقام پر بھی شاندار آتشبازی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ٹم ہارٹنز کےتعاون سے رنگا رنگ فائر ورکس نے شہریوں کو محظوظ کیا۔ تقریباً 10 بجے شب آسمان پر روشنیوں کے خوبصورت مناظر نے جشن کو یادگار بنا دیا۔

مونٹریال میں لا روند ایمیوزمنٹ پارک اور اولڈ پورٹ پر بھی عوام نے آتشبازی کے خوبصورت مظاہرے دیکھے، جہاں “اے جرنی تھرو کینیڈا” کے تھیم کے تحت روشنیوں کا سلسلہ پیش کیا گیا۔

ہیلی فیکس اور ڈارٹ ماؤتھ واٹر فرنٹ پر بھی رات کو شاندار فائر ورکس کا اہتمام کیا گیا جہاں مقامی ثقافت، موسیقی اور فیملی فن ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا ہوئے۔

اس کے علاوہ ایڈمنٹن، سرے، ڈیلفا، ایبٹس فورڈ، گویلپ اور برانٹ فورڈ سمیت دیگر شہروں میں بھی آتشبازی کی تقریبات منعقد ہوئیں جن میں خاندانی تفریح، موسیقی اور کھانوں کے اسٹالز شامل تھے۔

یومِ کینیڈا 2025 کی تقریبات نے پورے ملک کو ایک بار پھر قومی اتحاد، رنگینی اور فخر کے جذبے میں باندھ دیا۔ آتشبازی کے دلکش مناظر نے نہ صرف بچوں بلکہ بڑوں کے چہروں پر بھی خوشی بکھیر دی اور کینیڈین پرچم کی چھتری تلے ہر نسل، رنگ، اور زبان کے افراد نے وطن سے محبت کا پیغام دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں