اوٹاوا(نمائندہ خصوصی) پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ فار ایسٹروناٹیکل سائنسز سے وابستہ کمرشل ایسٹروناٹ ٹرینی حسن محسن سے ملاقات کی۔ حسن محسن خلا نوردی اور بایو ایسٹروناٹکس کی تربیت کے معروف عالمی ادارے سے وابستہ ہیں۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے حسن محسن کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں ابھرتے ہوئے خلائی سائنسز کے شعبے میں بھرپور محنت اور نمایاں کارکردگی دکھانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ حسن محسن پاکستان اور بیرونِ ملک موجود باصلاحیت پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک متاثر کن مثال ہیں، جو خلائی تحقیق اور ایکسپلوریشن کے شعبے میں آگے بڑھنے کا حوصلہ فراہم کرتی ہے۔
ہائی کمشنر نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی نوجوان جدید سائنسی علوم خصوصاً اسپیس سائنسز میں آگے آ کر نہ صرف اپنا بلکہ پاکستان کا نام بھی روشن کریں گے۔

