برٹش کولمبیا (نمائندہ خصوصی)کینیڈا میں ہانٹا وائرس کے ایک نایاب اور خطرناک ذیلی قسم کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے، جس کی تصدیق برٹش کولمبیا میں کیے گئے ٹیسٹ کے بعد کی گئی ہے۔
صوبائی طبی افسر ڈاکٹر بونی ہنری کے مطابق یوکون کے ایک شہری میں انٹارکٹک کروز شپ پر ممکنہ طور پر وائرس سے متاثر ہونے کے بعد علامات ظاہر ہوئیں، جس کے بعد انہیں وکٹوریا کے اسپتال منتقل کیا گیا۔
طبی حکام کے مطابق مریض کو بخار اور سر درد جیسی ہلکی علامات تھیں۔ ان کے ساتھ موجود ایک اور شخص کا ٹیسٹ منفی آیا ہے جبکہ مزید ایک فرد کو احتیاطاً اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ایک شخص گھر پر قرنطینہ میں ہے۔کینیڈا کی قومی مائیکرو بایولوجی لیبارٹری نے ابتدائی مثبت رپورٹ کی تصدیق کیلئےمزید جانچ شروع کر دی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق یہ وائرس “اینڈیز اسٹرین” ہے جو عام ہانٹا وائرس کے برعکس انسان سے انسان میں منتقل ہو سکتا ہے، تاہم مجموعی خطرہ اب بھی کم قرار دیا جا رہا ہے۔
صحت حکام کے مطابق ملک بھر میں 9 افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جبکہ 27 مزید افراد کو بھی علامات کیلئےمانیٹر کیا جا رہا ہے کیونکہ وہ ایک متاثرہ شخص کے ساتھ فلائٹ میں سفر کر چکے تھے۔کینیڈین پبلک ہیلتھ حکام نے طبی عملے اور مسافروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

