اوٹاوا (نمائندہ خصوصی) کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمیشن اور تین قونصل خانوں میں آج پاکستان کا 78واں یومِ آزادی اور “معرکۂ حق” ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر بانیانِ پاکستان، مسلح افواج اور شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب کا آغاز ہائی کمشنر کی جانب سے قومی پرچم کشائی سے ہوا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم/وزیرِ خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں بانیانِ پاکستان کی قربانیوں، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن، پاک فوج کے جانفشانی و عزم اور پاکستانی قوم کی ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

ہائی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ آزادی محض آزادی کی خوشی کا دن نہیں بلکہ اس عہد کی تجدید کا موقع ہے کہ ہم اس کی حفاظت کرنے والوں کو سلام پیش کریں۔ انہوں نے مئی 2025 میں بھارتی جارحیت کے جواب میں پاک فوج کے جرات مندانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور عزمِ صمیم پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق” شہداء اور غازیوں کو قومی سلام ہے جن کی قربانیوں نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری، سلامتی، وقار اور عزت کو محفوظ بنایا۔
محمد سلیم نے جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور اس عزم کو دہرایا کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملنے تک پاکستان ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق” کی فوجی اور سفارتی دونوں محاذوں پر کامیابی قوم کی ثابت قدمی، اتحاد اور امن و خوشحالی کے عزم کی علامت ہے۔
تقریب کا اختتام پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور مسلح افواج کی طاقت کیلئے خصوصی دعا پر ہوا۔ اس موقع پر پاکستانی نژاد کمیونٹی کے اراکین، بزرگ اور پاکستان کے دوست بڑی تعداد میں شریک ہوئے اور پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

