ہیلی فیکس(ایجنسیاں)یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مجوزہ مذاکرات سے قبل کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی سے ہیلی فیکس میں ملاقات کی، جہاں کینیڈا نے یوکرین کیلئےمزید 2.5 ارب ڈالر کی معاشی امداد کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزیراعظم مارک کارنی نے ملاقات سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر زیلنسکی کی قیادت میں یوکرین کے پاس منصفانہ اور دیرپا امن کے امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر یوکرین کے لیے اضافی 2.5 ارب ڈالر کی اقتصادی امداد دینے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم آفس کے جاری کردہ بیان کے مطابق نئی امداد میں سے تقریباً 1.6 ارب ڈالر ورلڈ بینک کے انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ اور یورپی بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ کے لیے قرض ضمانتوں کی صورت میں ہوں گے، جبکہ باقی رقم بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ذریعے یوکرین کو مزید قرض کی سہولت فراہم کرنے اور قرضوں کی ادائیگی معطل رکھنے کے پروگرام میں شامل ہوگی۔
یوکرینی صدر کا یہ دورہ اس ٹیلی فونک رابطے کے بعد ہوا جو جمعہ کو وزیراعظم مارک کارنی اور صدر زیلنسکی کے درمیان ہوا تھا۔ صدر زیلنسکی نے کہا کہ انہوں نے کینیڈین وزیراعظم کو امریکا کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر زیلنسکی اتوار کو امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے، جہاں وہ 20 نکاتی امن منصوبے پر بات چیت کریں گے۔ زیلنسکی کا کہنا ہے کہ ان مذاکرات میں یوکرین کے لیے سیکیورٹی ضمانتوں اور ایک ممکنہ معاشی معاہدے پر بھی غور ہوگا، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ کوئی حتمی معاہدہ طے پائے گا یا نہیں۔
وزیراعظم آفس کے مطابق مارک کارنی نے روسی جارحیت کے باوجود یوکرینی عوام کے حوصلے اور صدر زیلنسکی کی قیادت کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کینیڈا ان مذاکرات کے دوران یوکرین کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور روس پر دباؤ برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

