گجرات (ایجنسیاں)بھارتی ریاست گجرات میں ایک 17 سالہ لڑکی نے اپنے بوائے فرینڈ کے ذریعے اپنے والد کو قتل کروادیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق لڑکی نے والد کو نیند کی گولیاں دے کر بےہوش کیا، جس کے بعد اس کے بوائے فرینڈ اور ایک دوست نے چاقو سے وار کر کے والد شانا چاوڑا کو قتل کر دیا، جبکہ لڑکی یہ منظر کھڑکی سے دیکھتی رہی۔
مقتول شانا چاوڑا اپنی بیٹی کے رشتے کے سخت مخالف تھے۔ لڑکی اور اس کا 24 سالہ بوائے فرینڈ رنجیت گجیندر جولائی میں گھر سے فرار ہو گئے تھے، جس کے بعد والد نے رنجیت کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔ رنجیت جولائی میں گرفتار ہوا اور اگست میں ضمانت پر رہا کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ تین ماہ سے لڑکی اور اس کے بوائے فرینڈ نے والد کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ 16 دسمبر کو نشہ آور دوا دینے کی ناکام کوشش کے بعد 18 دسمبر کی رات لڑکی نے کھانے میں نیند کی گولیاں ملا دیں، جس کے بعد رنجیت اور اس کے دوست نے چاقو سے وار کر کے اسے قتل کر دیا۔
پولیس نے رنجیت اور اس کے دوست کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ نابالغ لڑکی کو چائلڈ پروٹیکشن ہوم بھیج دیا گیا ہے۔

